اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد آصف نے ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر اکیلا کچھ نہیں کر سکتا اور وہ ماضی کی طرح ایک بار پھر عامر کے باؤلنگ پارٹنر بن کر ٹیم کو کامیابیاں دلانا چاہتے ہیں۔
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں محمد آصف نے کہا کہ محمد عامر نے کرکٹ میں واپسی کے بعد ایک بار پھر خود کو ورلڈ کلاس باؤلر ثابت کردیا لیکن وہ اکیلے کچھ نہیں کر سکتے لہٰذا وہ ایک بار پھر محمد عامر کے باؤلنگ پارٹنر بن کر ٹیم کو ماضی کی طرح کامیابیوں سے ہمکنار کرانا چاہتے ہیں۔
2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کرنے پر محمد عامر، محمد آصف اور اس وقت کے قومی ٹیم کے کپتان سلمان بٹ پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
تاہم تینوں کھلاڑیوں کی پانچ سالہ سزا ختم ہونے کھیل کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) گزشتہ سال ستمبر میں انہیں ہرز طرز کی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔
محمد آصف نے کہا کہ انہں ماضی میں کی گئی اپنی غلطیوں کا احساس ہے، وہ قوم سے ایک بار پھر معذرت چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کا ارادہ ہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان ٹیم میں شامل ہوکر کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں ۔
یاد رہے کہ حال ہی میں محمد آصف کو قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو ٹورنامنٹ کے لیے سیالکوٹ ریجن کی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
محمد آصف نے کہا وہ مکمل فٹ اور فارم میں ہیں اور اگر انہیں دوبارہ موقع دیا جائے تو پہلے کی طرح شاندار کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
آصف نے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کا انہیں بھی شائقین کی طرح شدید دکھ ہوا تاہم وہ محمد عامر کے ساتھ مل پاکستان ٹیم کو ایک بار پھر کامیابی کی دوڑ میں لانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے خلاف شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم شکست سے دوچار ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔
No comments:
Post a Comment